لاہور میں دیوار پھلانگ کر راہ گیر بچوں اور خاتون پر شیر کا حملہ، فوٹیج سامنے آگئی

شیر نے راہ گیر خاتون اور دو بچوں پر حملہ کیا، دونوں بچوں کی حالت تشویشناک


نعمان شیخ July 04, 2025
فوٹو اسکرین گریپ

لاہور: جوہر ٹاؤن کے علاقے شاہ دی کھوئی میں قائم فارم ہاؤس کا شیر دیوار پھلانگ کر گلی میں کودا اور راہ گیر خاتون و بچے پر حملہ کیا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔

پولیس کے مطابق شیر کا جنگلہ کھلا رہا گیا تھا جس کے باعث وہ باہر نکلا اور دیوار پھلانگ کر گلی میں کودا، جس کے بعد اُس نے پہلے راہ گیر خاتون اور پھر دو بچوں پر حملہ کیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری موقع پر پہنچی جس کے بعد وائلڈ لائف حکام نے شیر کو قابو کیا۔

عینی شاہدین کے مطابق حملے میں زخمی ہونے والے دو بچوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ خاتون کو معمولی زخم آئے ہیں۔

ترجمان وائلڈ لائف کے مطابق مالک نے بغیر اجازت اور لائسنس کے شیر رکھا ہوا تھا اور واقعے کے بعد سے وہ فرار ہے۔

وائلڈ لائف حکام کے مطابق اچانک شیر ڈیرے سے باہر آگیا، جس کو وہ لیکر موقع پر فرار ہوگیا ہے۔ محکمہ وائلڈ لائف پنجاب کی اسپیشل ٹیمیں شیر کی برآمدگی اور اس کے مالک کی گرفتاری کے لیے شاہ دی کھوئی اور دیگر مقامات پر چھاپے مار رہی ہیں جبکہ ایف آئی آر کے اندراج کے لیے کاروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

شیر کے مالک کی اسلحہ کی نمائش  کرتے تصاویر

دوسری جانب شیر کے مالک کی اسلحہ کی نمائش کرتے تصاویر بھی سامنے آگئیں۔ شہریوں پر حملہ کرنے والا پالتو شیر ملک اعظم مرتضیٰ عرف شانی نامی شہری کی ملکیت تھا، جس کی جدید اسلحہ کے ساتھ تصاویر سامنے آگئیں ۔

ملزم جوہر ٹاؤن کے علاقے شاہ دی کھوئی کا رہائشی ہے۔

مقبول خبریں

OSZAR »