وزیرِاعظم شہباز شریف نے مکہ میں عمرہ ادائیگی کے بعد ولی عہد محمد بن سلمان کے ظہرانے میں شرکت کی، ولی عہد نے وزیراعظم کا شاندار استقبال کیا، ولی عہد کی وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے خصوصی ملاقات بھی ہوئی۔
سرکاری میڈیا کے مطابق سعودیہ عرب کے دورے پر موجود وزیرِاعظم شہباز شریف نے شاہی دیوان میں ولی عہد و وزیرِاعظم سعودی عرب شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی جانب سے دئیے گئے خصوصی ظہرانے میں بطور مہمانِ خاص شرکت کی۔
ولی عہد سعودی عرب نے وزیرِاعظم کا خصوصی استقبال کیا اور خود گاڑی چلا کر وزیرِ اعظم کو ظہرانے میں شرکت لے کرگئے۔
یہ پڑھیں : وزیرِ اعظم اور فیلڈ مارشل کی وفد کے ہمراہ عمرہ ادائیگی
ظہرانے میں سعودی ولی عہد نے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کا بھرپور استقبال کیا اور دونوں رہنماؤں کے مابین غیر رسمی گفتگو ہوئی۔
ظہرانے میں مشرق وسطی کے اہم رہنماؤں سمیت سعودی کابینہ کے ارکان اور اعلی سعودی سول و عسکری قیادت موجود تھی۔
بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفد کے ارکان اور سعودی آرمی چیف بھی موجود تھے۔ دونوں رہنماوٴں نے عوام کی امنگوں کے مطابق اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید بلند کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور ولی عہد محمد بن سلمان کے وفود کے ہمراہ تفصیلی ملاقات میں پاکستان اور مملکت سعودی عرب کے درمیان گہرے، اسٹریٹجک اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران مملکت کے فعال کردار اور امن و استحکام کو فروغ دینے کو سراہا اور کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن صرف بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
دونوں رہنماوٴں نے غزہ کی سنگین انسانی صورتحال پر بات چیت کی اور بین الاقوامی برادری پر اخلاقی اور قانونی ذمہ داریوں کو پورا کرنے پر زور دیا، مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے سیاسی، اقتصادی اور سیکیورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماوٴں نے عوام کی امنگوں کے مطابق اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید بلند کرنے پر اتفاق کیا۔
سعودی ولی عہد نے وزیراعظم کی جلد ازجلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت قبول کرلی۔
بعدازاں وزیرِاعظم وفد کے ہمراہ واپس وطن روانہ ہوگئے۔
گورنر جدہ شہزادہ سعود بن عبداللہ جلاوی، سعودیہ عرب میں پاکستان کے سفیر نواف بن سعید المالکی، پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق اور اعلی سفارتی اہل کاروں نے جدہ ائیرپورٹ پر وزیرِ اعظم کو الوداع کیا۔