کراچی:
شہر قائد میں واقع مائی کولاچی روڑ پر ٹریفک پولیس اہلکار کو نامعلوم افراد نے ٹارگٹ کلنگ میں شہید کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مائی کولاچی ریلوے ٹریک کے قریب نامعلوم افراد نے چوکی کے قریب 25 سالہ ٹریفک پولیس اہلکار زین محمد کو نشانہ بنایا۔
فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگیا جس کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے شہید اہلکار کو دو گولیاں ماریں۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ایس پی ساؤتھ موقع پر پہنچے اور بتایا کہ پولیس اہلکار ٹریفک پولیس چوکی میں بیٹھا ہوا تھا کہ اس دوران نامعلوم افراد نے فائرنگ کی، اس حوالے سے تحقیقات جاری ہے اور ابتدائی تحقیقات میں یہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا معلوم ہوتا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق شہید اہلکار زیم محمد کو دوران ڈیوٹی نشانہ بنایا گیا ہے، وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں۔
پولیس کے مطابق زین علی نے اگست 2023 میں محکمہ پولیس جوائن کیا تھا اور وہ کیماڑی مسان روڈ کا رہائشی اور اُس کا آبائی تعلق مانسہرہ تھا جبکہ وہ 4 بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھا۔
جناح اسپتال میں ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق شہید اہلکار ڈیوٹی کر کے چوکی کے قریب بیٹھا ہوا تھا کہ ملزمان نے اسے عقب سے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
ایس ایچ او بوٹ بیسن ریاض نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دورن معلوم ہوا ہے کہ مقتول پولیس چوکی باہر بیٹھا ہوا تھا اس دوران ملزمان نے اسے عقب سے فائرنگ کا نشانہ بنایا جسے کمر سمیت دیگر حصوں پر 3 گولیاں لگی تھی۔
پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 3 خول ملے ہیں۔ دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے ٹریفک پولیس اہلکار کو فائرنگ کا نشانہ بنا کر قتل کرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ سے تفصیلات طلب کرلیں۔
انہوں نے فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمز کو متحرک اور جائے وقوعہ سے حاصل شواہد کی تحقیقات و چھان بین کے عمل میں جدید ٹکنیکس سے استفادہ حاصل کیا جائے۔