خوبصورت اداکارہ سارہ عمیر نے ہدایت کار محسن طلعت سے ڈرامائی محبت اور پھر شادی کی دلچسپ کہانی سنا دی۔
پہلے ہی ڈرامے سے شوبز کی دنیا میں اپنا نام بنانے والی خوبرو اداکارہ سارہ عمیر نے مارننگ شو میں اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق دلچسپ انکشافات کیے۔
سارہ عمیر نے بتایا کہ انھوں نے 2008 میں پی ٹی وی کے ڈرامے تھوڑا آسمان سے آغاز کیا اور پھر 2014 تک کامیاب ڈراموں کی ایک لمبی فہرست ہے۔
تاہم شادی کے بعد اداکارہ نے سارا وقت اپنی گھریلو ذمہ داریوں کو ادا کرنے میں گزارا حالانکہ انھوں نے ڈراما ہدایت کار محسن طلعت سے شادی کی تھی۔
اپنے شوہر سے پہلی ملاقات، پھر محبت، ملاقاتیں اور شادی سے متعلق بتاتے ہوئے سارہ عمیر نے کہا کہ گو شادی کو 9 سال ہوئے ہیں لیکن ہماری محبت کو 20 سال ہوگئے۔
سارہ عمیر نے بتایا کہ جب میں ڈراموں میں کام لینے کے لیے جگہ جگہ آڈیشن دے رہی تھی تب ہی ایک دن کسی نے محسن طلعت کے پاس بھیجا تھا۔
اداکارہ نے بتایا کہ مجھے لگا، یہ کوئی عمر رسیدہ شخص ہوں گے لیکن آڈیشن دینے دفتر پہنچی تو ایک نوجوان کو بیٹھا دیکھا۔ میں نے ان سے کہا ہدایتکار محسن طلعت سے ملنا ہے۔ جواب میں انھوں نے کہا، 'جی، میں ہی محسن طلعت ہوں'۔
سارہ عمیر نے کہا کہ میں گئی تو آڈیشن دینے تھی لیکن محسن کو دل دے بیٹھی۔ مجھے ان کے شائستگی اور نرمی سے بات کرنے کا انداز پسند آیا تھا۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ میرے خاندان میں زیادہ تر مرد بلند آواز میں بات کرتے تھے لیکن محسن کی نرم گفتاری نے میرے نظریات بدل دیے۔ ہماری شادی اس لیے چل رہی ہے کیونکہ میرے شوہر میں صبر بہت ہے۔