اسلام آباد:
پاکستان موسمیاتی تغیر کے حوالے سے خطرناک ممالک میں سرفہرست آگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اس بات کا انکشاف وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران کیا۔
وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے خطرات اشاریے کی رپورٹ میں شدید متاثرہ ممالک کی فہرست میں پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے، درجہ بندی کی بنیادی وجہ غیر معمولی سیلابوں کی آمد ہے جنہوں نے ملک کو تباہی سے دوچار کیا۔
مصدق ملک نے کہا کہ 2022ء میں مون سون بارشوں کے باعث پاکستان کو تباہ کن سیلابوں کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان کے 94 اضلاع میں 3 کروڑ 30 لاکھ لوگ متاثر ہوئے، 1700 اموات ہوئیں، 76 لاکھ افراد بے گھر ہوئے۔
مصدق ملک نے مزید کہا کہ سیلاب سے تباہ کاریوں کے نقصان کا تخمینہ 30 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔