سوشل میڈیا سے بم بنانے کا طریقہ سیکھنے والے مجرم کو سزائے قید و جرمانہ

جرم سنگین نوعیت کا ہے جس کی زیادہ سے زیادہ سزا 10 سال تک ہو سکتی ہے، عدالت


ویب ڈیسک May 22, 2025

لاہور:

انسدادِ دہشتگردی عدالت لاہور نے سوشل میڈیا (انسٹاگرام) سے بم بنانے کا طریقہ سیکھنے والے مجرم حنان عبداللہ کو ڈھائی سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔

عدالت نے فیصلہ ٹرائل مکمل ہونے کے بعد سنایا، جس میں واضح کیا گیا کہ حنان عبداللہ پر سوشل میڈیا، خصوصاً غیر ملکی انسٹاگرام اکاؤنٹس سے بم سازی کی معلومات حاصل کرنے کا الزام ثابت ہوا ہے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق یہ مقدمہ اس وقت سامنے آیا جب امریکی ادارے ایف بی آئی نے حکومتِ پاکستان کو اطلاع دی کہ ایک پاکستانی شہری غیر قانونی طور پر دہشتگردی سے متعلق مواد تک رسائی حاصل کر رہا ہے۔ اس اطلاع پر حکومت نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو مکمل تحقیقات کی ہدایت کی۔

دورانِ ٹرائل ایف آئی اے کی جانب سے 8 گواہان عدالت میں پیش کیے گئے، جن کی گواہی کی بنیاد پر مجرم پر الزام ثابت ہوا، تاہم پراسیکیوشن دیگر الزامات کو ثابت نہ کر سکی۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ یہ جرم سنگین نوعیت کا ہے جس کی زیادہ سے زیادہ سزا 10 سال تک ہو سکتی ہے، تاہم ملزم کی عمر اور حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے عدالت نے ڈھائی سال قید اور جرمانہ عائد کیا۔

فیصلے میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ مجرم حنان عبداللہ اس وقت ضمانت پر تھا، لہٰذا اسے فوری حراست میں لے کر کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

OSZAR »