آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی پر رکن قومی اسمبلی صبحین غوری نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینا ملکی تاریخ کا ایک اہم اور تاریخی فیصلہ ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ کی رکن قومی اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی صبحین غوری نے کہا کہ معرکۂ حق "بنیان المرصوص" میں کامیابی شہداء کے خون کو خراجِ عقیدت ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ جنرل عاصم منیر کی فیلڈ مارشل کے طور پر ترقی حق و باطل کے معرکے میں ان کی اعلیٰ اور ماہرانہ قیادت کا اعتراف ہے۔
صبحین غوری نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کی یہ ترقی استقامت، قربانی سے جُڑی جدوجہد کا تسلسل ہے۔ اُن کی قیادت میں پاکستان نے دفاعی، سفارتی اور اندرونی محاذوں پر نئی کامیابیاں سمیٹی ہیں۔
رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ایک قومی اعتراف ہے اُن خدمات کا جو جنرل صاحب نے ملک و ملت کے لیے سرانجام دیں۔ پوری قوم کو جنرل سید عاصم منیر کی بطور فیلڈ مارشل ترقی پر فخر ہے، یہ پاکستان کے استحکام کی علامت ہے۔
صبحین غوری نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جس دانش، حکمت اور استقامت سے ملک کو بحرانوں سے نکالا، وہ قابلِ تحسین ہے۔ ایک مضبوط فوجی قیادت ہی پاکستان کو اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نکال سکتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہم دعا گو ہیں کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان مزید مضبوط، خودمختار اور ترقی یافتہ ہو۔ پاکستانی قوم دشمن قوتوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔